بہار کے امرجیت جیکر راتوں رات اسٹار بن گئے

   

ممبئی:سوشل میڈیا نے بہت سی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لایا ہے اور لوگوں کو منزل سے منزل تک پہنچایا ہے۔ اس فہرست میں بہار کے سمستی پور ضلع کے پٹوری کے رہنے والے امرجیت جیکر کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔ شاندار گلوکاری اور روح پرور آواز نے امرجیت کو راتوں رات اسٹار بنا دیا ہے۔ سونو سود امرجیت کے لیے فرشتہ بن کر آئے اور گلوکار کو ایک بڑی پیشکش کی ہے۔واضح رہے کہ، امرجیت جیکر سمستی پور ضلع کے پٹوری سب ڈویژن کے بھہوا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ گاؤں کی گلیوں سے نکلنے کے بعد وہ خوابوں کے شہر ممبئی کے لیے اڑان بھرنے کے لیے تیار ہیں۔ گلوکار امرجیت کو سونو سود نے اپنی فلم فتح میں گانے کی پیشکش کی ہے۔سونو سود نے ان کا گانا سن کر امرجیت جیکر کی تعریف میں لکھا‘ ایک بہاری سو پر بھاری۔ یہی نہیں گلوکار سونو نگم نے بھی اس بہاری گلوکار کے گانے کو ٹویٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ ایسے ٹیلنٹ کو سراہا جانا چاہیے۔امرجیت نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے سونو سود کا شکریہ ادا کیا ہے۔سونو سود نے گلوکار امرجیت جیکر سے سوشل میڈیا پر بات کی ہے اور انہیں اپنی فلم میں گانے کی دعوت دی ہے۔ امرجیت جیکر 27 اور 28 فروری کو ممبئی میں ہوں گے۔ امرجیت نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آخر کار ان کی سونو سود صاحب سے بات ہوئی ہے اور انہیں فلم فتح میں گانے کی پیشکش ہوئی ہے۔