چھپرہ: بہار میں زہریلی شراب سکینڈل ایک بار پھر بھیانک شکل میں سامنے آیا ہے۔ سارن میں ایک کی موت اور دو شدید زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ سیوان میں مرنے والے چھ لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں۔ سیوان کے ایک گاؤں والے نے بتایا ہے کہ 15تا 16 لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد انتظامیہ کی تصدیق کے بعد واضح ہو گی۔ سارن میں یہ واقعہ مسرکھ تھانہ علاقہ کے ابراہیم پور گاؤں میں پیش آیا جو سیوان ضلع کے بھگوان پور ہاٹ اور سارن ضلع کے مشرک تھانہ علاقہ کی سرحد پر ہے۔ تھانہ مسرکھ کے گاؤں ابراہیم پور کے رہائشی 30 سالہ اسلام الدین انصاری ولد لطیف میاں کی زہریلی شراب پینے سے موت ہو گئی۔ عالم انصاری کے 29 سالہ بیٹے ممتاز انصاری اور ریاض انصاری کے 18 سالہ بیٹے شمشاد انصاری کا علاج جاری ہے۔ پولیس دونوں نوجوانوں سے شراب منگوانے، پینے اور یہاں تک کہ بیمار ہونے کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہی ہے۔