بہار کے سیمانچل کی تمام لوک سبھا نشستوں سے مقابلہ کے لیے ایم آئی ایم دستبردار

   

صرف کشن گنج لوک سبھا سے ہی مقابلہ ، کسی پارٹی کی تائید وحمایت کا فیصلہ ہنوز باقی
حیدرآباد۔4۔اپریل (سیاست نیوز) پارلیمانی انتخابات میں بہار کے سیمانچل کی تمام لوک سبھا نشستوں سے مقابلہ کے اعلان سے دستبرداری اختیارکرلی ہے۔ رکن اسمبلی و ریاستی صدر مجلس اتحاد المسلمین بہار جناب اخترالایمان نے آج کئے گئے اعلان میں کہا کہ ان کی پارٹی نے سیمانچل کے تمام حلقہ جات لوک سبھا سے مقابلہ کے فیصلہ سے دستبرداری اختیارکرلی ہے اور صرف کشن گنج حلقہ لوک سبھا سے مقابلہ کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں سے وہ خود امیدوار ہیں۔ مجلس اتحاد المسلمین نے گذشتہ دنوں اس با ت کا اعلان کیا تھا کہ وہ ریاست بہار میں سیمانچل کی تمام لوک سبھا نشستوں پر جملہ 11 حلقہ جات اسمبلی سے امیدوار میدان میں اتارے گی لیکن آج اچانک ریاستی صدر بہار جناب اخترالایمان نے ویڈیو پیام جاری کرتے ہوئے اس بات سے مطلع کیا کہ کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بہار میں محض کشن گنج لوک سبھا نشست سے مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے بعد کہا گیا ہے کہ ریاست بہار میں دیگر نشستوں پر پارٹی کس کی تائید کرے گی یا خاموش رہے گی اس سلسلہ میں فوری طور پر فیصلہ نہیں کیاگیا ہے لیکن یہ کہا جا رہاہے کہ جلد ہی مجلس کی جانب سے بہار کے لوک سبھا حلقہ جات پر امیدواروں کی تائید کے سلسلہ میں جلد اعلان کیا جائے گا۔ جناب اخترالایمان نے کہا کہ وہ حلقہ لوک سبھا کشن گنج سے مجلس کے امیدوار ہیں جبکہ دیگر امیدواروں کو مجلسی قیادت نے پرچہ نامزدگی کے ادخال سے روک دیا ہے ۔ واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران مجلس اتحاد المسلمین نے 5حلقہ جات اسمبلی سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن کامیاب ہونے کے بعد 4 ارکان اسمبلی نے راشٹریہ جنتا دل میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور مجلس اتحادالمسلمین سے مستعفی ہوگئے تھے اور ان ارکا ن اسمبلی کے استعفیٰ کے بعد بہار میں اب اخترالایمان ہی ایک رکن اسمبلی ہیں اور وہ لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا کشن گنج سے مقابلہ کر یں گے۔3