پٹنہ۔ بہار کے وزیرصحت منگل پانڈے نے تبلیغی جماعت پر سعودی عربیہ کی جانب سے لگائی گئی پابندی کا خیر مقدم کیااورکہاکہ دہشت گردی سے مربوط تمام تنظیموں کو دنیابھر میں امن کو فروغ دینے کے لئے توڑنے کی ضرورت ہے۔
پانڈے نے رپورٹرس کوبتایاکہ”ہمارے پاس کافی ثبوت پاکستان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے موجود ہیں۔ عالمی امن کے لئے ہمیں دہشت گردی سے مربوط تمام تنظیموں کوتوڑنے کی ضرورت ہے۔
لہذا اگر کوئی بھی ملک دہشت گردی کو ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے“۔ سعودی عربیہ نے تبلیغی جماعت پر امتناع عائد کیا اور اس کو ”سماج کے لئے خطرہ“ اور ”دہشت گردی کے لئے دروازوں میں سے ایک دروازہ“ قراردیاہے۔
مذکورہ ملک کے وزیراسلامی امور نے سوشیل میڈیا پر ایک اعلان کرتے ہوئے مساجد کوہدایت دی ہے کہ وہ جمعہ کے خطبات کے دوران ان کے ساتھ وابستہ لوگوں کومتنبہ کریں۔
سعودی عربیہ کی وزرات اسلامی امور نے ٹوئٹ کیاکہ ”عزت مآب وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبدالطیف ال الشیخ نے تمام مساجدکے خطیبوں اور مساجد کو ہدایت دی ہے کہ جہاں پر نماز جمعہ ادا ہوتی ہے وہ اگلے جمعہ 5/6/1443ہجری کے خطبوں میں (تبلیغی اور دعوۃ گروپ) جس کو (الاحباب) بھی کہاجاتا ہے کہ متنبہ کریں“۔
مذکورہ سعودی عربیہ نے مساجد سے استفسار بھی کیاہے کہ وہ لوگوں کو جانکاری دیں گے کہ سماج کے لئے تبلیغی جماعت کس قدر نقصاندہ او رخطرناک ہے۔