بہار کے 13 وزراء کروڑ پتی ، بی جے پی سرفہرست

   

الیکشن کمیشن کو داخل کردہ حلفنامہ میں انکشاف ، تعلیمی قابلیت 8 ویں کامیاب

نئی دہلی: بہار اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہونے والے کئی ارکان اسمبلی دولتمند ہیں۔ نتیش کمار کابینہ میں شامل 15 وزراء کے منجملہ 13 وزراء کروڑپتی بتائے گئے ہیں۔ ان کے اوسطاً اثاثہ جات 3.93 کروڑ ہیں۔ بہار کے الیکشن واچ اینڈ اسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس نے کہاکہ جن 14 وزراء نے الیکشن کمیشن میں حلفنامے داخل کئے تھے ان کا جائزہ لیا گیا۔ 13 وزراء کروڑپتی ہیں اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے 6 وزراء سرفہرست ہیں۔ ان کے بعد جنتادل یو کے 5 اور ایچ اے ایم، وی آئی پی پارٹی کا ایک ایک وزیر بھی کروڑ پتی ہے۔ ان 14 وزراء میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ الیکشن واچ ڈاک نے کہا کہ اس بات کا انکشاف 14 وزراء کے داخل کردہ حلفنامہ میں کیا گیا ہے۔ یہ حلفنامہ اکٹوبر، نومبر اسمبلی انتخابات سے قبل داخل کئے گئے تھے۔ 14 وزراء کے اوسطاً اثاثہ جات 3.93 کروڑ بتائے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ دولتمند میوا لال چودھری تارہ پور حلقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی دولت 12.31 کروڑ بتائی گئی ہے۔ سب سے کم دولت کا جس وزیر نے انکشاف کیا ہے وہ اشوک چودھری ہیں۔ انہوں نے 72.89 لاکھ روپئے ملکیت ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ان میں کئی وزراء کی تعلیمی قابلیت آٹھویں تا بارہویں جماعت ہے۔