بہتر زندگی کیلئے تعلیم ناگزیر

   

تعلیم کی اہمیت جتنی زیادہ مردوں کیلئے ہے، اتنی ہی زیادہ اس کی اہمیت عورتوں کیلئے بھی ہے۔ تعلیم کے بغیر دونوں ہی ادھورے ہیں۔ تعلیم ہر عورت اور مرد کی ایک ایسی ضرورت ہے جس کو دونوں میں سے کوئی بھی نظرانداز نہیں کرسکتا۔

تعلیم کو نظرانداز کرنا اپنے لئے یہ خطرہ مول لینا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے مطلوب اعلیٰ تک نہ پہنچیں، وہ مطلوب اعلیٰ تک پہنچے بغیر ناکامی کے احساس کے ساتھ مر جائیں۔تعلیم کی اہمیت صرف روزگار کیلئے نہیں ہے بلکہ اس کی اہمیت بہتر زندگی کی تعمیر کیلئے ہے۔ موجودہ زمانے میں تمام چیزوں کا تعلق علم اور تعلیم سے ہوگیا ہے۔ ایسی حالت میں کوئی عورت یا مرد اس کا تحمل نہیں کرسکتے کہ وہ تعلیم سے بے بہرہ رہ جائیں کیونکہ تعلیم سے بے بہرہ رہ جانا یہ معنی رکھتا ہے کہ ایسا شخص ایک حقیقی انسانی زندگی گذارنے کے قابل نہ ہوسکے۔تعلیم آدمی کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ اپنی شخصیت کے اندر چھپے ہوئے اعلیٰ امکانات کو بروئے کار لائے، وہ اپنے امکان (potential) کو واقعہ (actual) بناسکے۔ یہ کام کبھی تعلیم کے بغیر انجام نہیں پاسکتا۔تعلیم سے مراد پروفیشنل ایجوکیشن نہیں ہے بلکہ حقیقی ایجوکیشن ہے۔ تعلیم سے مراد اپنے آپ کو علم و حکمت کی دنیا تک پہنچانا ہے۔ پروفیشنل ایجوکیشن کسی آدمی کو صرف روزگار دیتی ہے لیکن علم و حکمت کا حصول آدمی کو اعلیٰ مرتبہ انسانیت تک پہنچا دیتا ہے۔