بہن کی شادی پر ناراض بھائیوں کا دلھا ،دلہن پر حملہ

   

حیدرآباد ۔ /7 جون (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ ایس آر نگر میں پیش آئی سنسنی خیز واردات میں پسند کی شادی سے ناراض لڑکی کے رشتہ داروں نے شادی شدہ جوڑے پر برسرعام حملہ کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور حملہ آور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق سنگاریڈی کے متوطن محمد امتیاز کی شادی /4 جون کو بورا بنڈہ کے ساکن زہرہ فاطمہ سے ہوئی تھی لیکن لڑکی کے رشتہ دار بالخصوص اس کے بھائی اس شادی سے ناراض تھے ۔ ناراضگی دور کرنے اور اس مسئلہ کی یکسوئی کے بہانے زہرہ فاطمہ کے گھر والوں نے اسے بورا بنڈہ طلب کیا ۔ شادی شدہ جوڑا کار میں واپس لوٹ رہا تھا کہ لڑکی کے بھائیوں نے اچانک برسرعام امتیاز پر چاقوؤں سے حملہ کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور راہگیروں نے اس خوفناک منظر کو اپنے موبائیل فون پر قید کرلیا اور اندرون چند
منٹ اقدام قتل کے مناظر سوشیل میڈیا پر عام ہوگئے ۔ ایس آر نگر پولیس نے اس سلسلے میں اقدام قتل کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے حملہ آور کی تلاش شروع کردی جبکہ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے اس خوفناک منظر کو سوشیل میڈیا پر عام کرنے اور اسے گشت کروانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔