سیہور 21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کی بھوپال رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے آج ایک بیان کے ذریعہ تنازعہ پیدا کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈرینیج یا بیت الخلا صاف کرنے رکن پارلیمنٹ نہیں بنی ہیں۔ کانگریس نے اس بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے بی جے پی قیادت کے سوچھ بھارت پروگرام کے کھوکھلے پن کا ثبوت ملتا ہے ۔ بی جے پی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے پرگیہ ٹھاکر نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کا کام یہ ہے کہ وہ ترقی کو یقینی بنانے ارکان اسمبلی ‘ کارپوریٹرس اور منتخبہ نمائندوں کے ساتھ کام کرے ۔ پرگیہ ٹھاکر مالیگاوں کے 2008 بم دھماکوں کی ملزمہ ہے اور وہ ضمانت پر ہے ۔ انہوں نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ وہ اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ ہم یہاں ایک ڈرینج صاف کرنے نہیں بیٹھے ہیں۔ یہ بات صاف ہے ۔ ہم یہاں بیت الخلا صاف کرنے بھی قطعی نہیں آئے ہیں۔ جو کام ہمیں کرنا چاہئے اور جس کیلئے ہم منتخب ہوئے ہیں وہ ہم پوری دیانتداری سے کرینگے ۔ ہم یہ بات ماضی میں بھی کہہ چکے ہیں۔ آج بھی کہہ رہے ہیں اور مستقبل میں بھی یہی کہیں گے ۔ پرگیہ ٹھاکر بھوپال حلقہ سے بی جے پی رکن منتخب ہوئی ہیں۔