بیدرمیں 300ٹھیلہ بنڈی والوں کو فی کس 10ہزار روپئے قرض کی فراہمی

   

بیدر۔ 17جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بیدرضلع انچارج وزیر بنڈپاقاسم پور نے ہم ٹھیلہ بنڈی والوں کو صفر شرح سود پر فی کس 10ہزار روپئے کے حساب سے ڈی سی سی بینک سے لون دینے کاوعدہ کیاہے جس پر ہم ان کاشکریہ اداکرتے ہیں۔ یہ بات جناب محمدجنید صدر بیدر ڈسٹرکٹ لیول ’’فروٹ ‘‘سیلر ٹھیلہ بنڈی اسوسی ایشن اور جناب محمدمسکین جنرل سکریڑی نے بتائی۔ دونوں نے آج ایک مشترکہ پریس نوٹ جاری کرکے بتایاکہ گذشتہ دوسال سے ہم ٹھیلہ بنڈی والوں کی مالی حالت کے سدھار کی کوشش میں تھے ، اور کئی ایک فلاحی کام ہم نے اپنے بل بوتے پر انجام دئے لیکن حکومت کی طرف سے ہمیں کوئی سہولت نہیں دی جارہی تھی۔ گذشتہ سال جب اسمبلی الیکشن ہواتب بنڈپاقاسم پور صاحب نے وعدہ کیاکہ ٹھیلہ بنڈی والوں کے لئے لون کاانتظام کریں گے اور انہوں نے وزیر بننے کے بعد اپنے وعدے کو نبھایا ہے اور آج یاکل 300ٹھیلہ بنڈی والوں کو فی کس 10ہزار روپئے لون ملنے والا ہے جس پر ہم ضلع انچارج وزیر کاشکریہ اداکرتے ہیں۔ اس کے لئے آج صبح وزیر موصوف کی رہائش گاہ پہنچ کر ٹھیلہ بنڈی اسوسی ایشن کے عہدیداران اور کارکنان نے وزیر موصوف کاشکریہ اداکیا۔ اس موقع پر جنتادل (یس) قائد جناب سعود قادری ہمارے ساتھ موجودتھے۔