بیرسٹر اسد اویسی پر حملہ ظالمانہ اور وحشیانہ حرکت صدر مجلس علمائے دکن کا مذمتی بیان

   

حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری معتمد صدر مجلس علمائے دکن ، مولانا ڈاکٹر سید گیسودراز خسرو حسینی سجادہ نشین روضہ بزرگ ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مولانا جسٹس سید شاہ محمد قادری ، مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، مولانا ڈاکٹر سید حمید الدین قادری شرفی ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی قادری وقار پاشاہ ، مولانا سید اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری ، مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی ، مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری ، مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری ، مولانا سید قطب الدین حسینی صابری ، مولانا مفتی سید صغیر احمد ، مولانا مشہود احمد ، مولانا ڈاکٹر سید بدیع الدین صابری اراکین صدر مجلس علمائے دکن نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں کہا کہ بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد پر جس انداز سے قاتلانہ حملہ ہوا اس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ منصوبہ بند سازش کے تحت کیا گیا ہے ۔ اس ظالمانہ اور وحشیانہ حرکت کی ہم سب سخت مذمت کرتے ہیں ۔ دنیا بھر میں ہمارے ملک کے لیے یہ شرمناک بات ہوئی ہے ۔ اس حملہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صدر مجلس محفوظ رہے ہیں ۔ اترپردیش حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس مذموم واقعہ کی مذمت کرے اور عوام الناس و اہم شخصیات کے جان و مال کی حفاظت کی اپنی ذمہ داریوں کو کسی تحفظ ذہنی کے بغیر پورا کرے ۔ نیز مرکزی حکومت کو اس قاتلانہ حملہ کی تحقیقات کروانے توجہ دلائے ۔ مرکزی حکومت سے بھی ہمارا مطالبہ ہے کہ اسد الدین اویسی پر قاتلانہ حملہ کا سخت نوٹ لے اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرواتے ہوئے خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھے ۔۔