بیرسٹو کی گواسکر پر جوابی تنقید

   

پونے : انگلینڈ کے اوپنر جانی بیرسٹو نے سنیل گواسکر پر جوابی تنقید کی ہے جیسا کہ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان نے ٹسٹ سیریز میں ان کے ارادوں پر سوال کیا تھا۔ یاد رہے ٹسٹ سیریز میں بیرسٹو نے ہندوستان کے خلاف 4 اننگز میں 0 ، 0 ، 0 ، 28 رنز اسکور کئے تھے اور اِس سیریز میں انگلینڈ کو 1-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ گواسکر کے بیان پر بیرسٹو نے کہاکہ سب سے پہلے تو میں یہ نہیں جانتا کہ گواسکر نے کیا کہا ہے، دوسرے یہ کہ مجھے کسی کی رائے میں کوئی دلچسپی نہیں کیوں کہ ہم دونوں کے درمیان اِس موضوع پر راست کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ جیسا کہ میں نے کہا ہے کہ میرے پاس فون ہے اور اگر وہ چاہتے ہیں کہ مجھے کال کریں تو انھیں آرام سے مجھے کال کرنا چاہئے۔ یاد رہے ٹسٹ سیریز میں ناکامی کے باوجود گزشتہ 2 ونڈے مقابلوں میں بیرسٹو نے ایک سنچری اور دوسرے میں 90 سے زائد رنز اسکور کئے ہیں۔