بیروزگار نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں کے بہانے جھانسہ، وکیل گرفتار

   

حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بیروزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دینے والے ہائی کورٹ کے ایک وکیل کو سنٹرل کرائم اسٹیشن سی سی ایس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سی سی ایس مسٹر ایم اے باری کے بموجب 45 سالہ ٹی وینکٹا شیوا ناگا سبرامنیا ورا پرساد راؤ جو پیشہ سے وکیل ہے اور ملک پیٹ موسیٰ رام باغ کا ساکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دھوکہ باز کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور سے ہے اور اس نے بیروزگار نوجوانوں کو اسٹاف سلیکشن کمیشن اور دیگر محکمہ جات میں ایکزیکیٹو انجینئر کی ملازمت فراہم کرنے کے بہانے 78 لاکھ کی رقومات حاصل کرلی۔ اس سلسلہ میں حمایت نگر کے ساکن کے راما راؤ نے سی سی ایس پولیس سے شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ وکیل کو گرفتار کرلیا۔