مسجد خزانہ آب دودھ باولی کے عائشہ آفندی سنٹر میں تقریب تقسیم اسناد ، ہمدردان ملت کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : مسلمان مساجد کو اپنے علمی مراکز بنالیں تو ہماری عظمت رفتہ بحال ہوسکتی ہے۔ مساجد سے دوری کے نتیجہ میں ہی ہم معاشرہ اور ملک میں اپنی اہمیت گنواتے جارہے ہیں ۔ اگر شہر ریاست اور ملک کی مساجد میں طلباء وطالبات اور مرد و خواتین کو مختلف ہنر و فن سکھانے کا انتظام کیا جائے تو یہ ملت کے لیے خوش آئند ہوگا اس سلسلہ میں روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ نے غیر معمولی پہل کی ہے اور پرانا شہر کے دودھ باولی میں واقع مسجد خزانہ آب میں مختلف ٹیکنیکل کورسیس سکھانے کا آغاز کیا جن میں سیل فونس ریپرینگ ، سولار سیٹس کی تیاری ، ایل ای ڈی بلب کی اسمبلنگ ، سی سی ٹی وی اور کمپیوٹر کے کورس شامل ہیں ۔ ان مختصر مدتی کورس سیکھ کر اب تک بے شمار مرد و خواتین اور نوجوان لڑکے لڑکیاں اپنی اور اپنے ارکان خاندان کی مالی مدد کرنے کے قابل ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مسجد خزانہ آب دودھ باولی کے عائشہ آفندی اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر میں منعقدہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب میں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین اور دوسرے ہمدردان ملت نے کیا ۔ اس موقع پر مرحوم منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کے فرزند اصغر علی خاں ، جناب سید حیدر علی انچارج عائشہ آفندی اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، امام و خطیب مسجد خزانہ آب مولانا ڈاکٹر شجیع ، خازن عبدالغنی و دیگر موجود تھے اس موقع پر کورسیس کی تکمیل کرنے والے مرد و خواتین اور طلباء وطالبات نے بتایا کہ اب تک کئی بیاچس اپنے کورس مکمل کرچکے ہیں اور وہ مختلف اداروں سے وابستہ بھی ہوگئے ۔ اس کے لیے وہ خاص طور پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ اس پہل میں ڈاکٹر مخدوم محی الدین کے کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔۔