دبئی سے آنے والے مسافرین راجندر نگر میں روک لیے گئے، ترجمان پردیش کانگریس نظام الدین کا احتجاج
حیدرآباد۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین نے بیرونی ممالک سے آنے والے مسافرین کو آئیسولیشن سنٹر میں طبی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کی مذمت کی ہے۔ پروفیسر جئے شنکر تلنگانہ اگریکلچر یونیورسٹی کے احاطہ میں آئیسولیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں دبئی سے آنے والے تین انٹرنیشنل فلائٹس کے مسافرین کو ابزرویشن میں رکھا گیا ہے۔ مسافرین کی ابتر حالت کے بارے میں اطلاع ملنے پر سید نظام الدین نے راجندر نگر کا دورہ کیا اور دبئی سے واپس ہونے والے بعض مسافرین سے بات چیت کی۔ لندن سے چہارشنبہ کو واپس ہونے والے مسافر محمد غوث الدین نے بتایا کہ آئیسولیشن وارڈ میں ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود نہیں ہے۔ مسافرین کو تقریباً سہ پہر 3 بجے ناشتہ دیا جارہا ہے اور جن کمروں میں رکھا گیا ان میں صحت و صفائی کا کوئی انتظام نہیں۔ مسافرین کو پینے کا پانی تک فراہم نہیں کیا گیا۔ ابزرویشن کے نام پر انہیں سہولتوں کے بغیر ایک عمارت میں بند کردیا گیا ہے۔ پردیش کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ سنٹر کے باہر موجود عہدیداروں نے خود کو بے بس قرار دیا اور کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کرسکتے۔ عہدیداروں کے مطابق ڈاکٹرس ابزرویشن سنٹر کا معائنہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور اعلی عہدیدار مسافرین کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ نظام الدین نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت مسافرین کو ضروری طبی امداد اور بنیادی سہولتیں فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے متاثرین کے ساتھ عدم توجہی کا یہ رویہ سماج کے لیے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس حساس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافرین کو بنیادی سہولتیں فراہم کریں یا پھر انہیں طبی امداد کیلئے گاندھی ہاسپٹل منتقل کرے۔