حیدرآباد ۔16۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کی رہنمائی کے لیے مشاورتی ادارہ قائم کرنے کی تجویز رکھتی ہے تاکہ طلبہ کی صحیح رہنمائی کی جاسکے۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم بی وینکٹیشم نے کہا کہ طلبہ کی بیرونی ممالک میں بہتر تعلیم اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اوورسیز ایجوکیشن اڈوائزری سسٹم کا منصوبہ ہے جس کے ذریعہ یونیورسٹیز کے انتخاب اور دیگر امور میں رہنمائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کیلئے سیشن کا اہتمام کیا جائے گا اور ایک علحدہ پورٹل قائم کیا جائے گا جس پر طلبہ تفصیلات درج کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو حقیقی یونیورسٹیز کی رہنمائی کی جائے گی تاکہ وہ دھوکہ دہی سے بچ سکیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایجنٹس کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں جو بہتر تعلیم اور بہتر ماحول کا لالچ دے کر طلبہ کو گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تقریباً 2000 طلبہ کو حکومت کی جانب سے اوورسیز اسکالرشپس فراہم کی جاتی ہیں۔ 1