بیرونی ممالک میں روزگار کی فراہمی کیلئے 20 ممالک کا انتخاب

   


اہل امیدواروں کی نشاندہی کی جائے، چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔10 ۔ نومبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے بیرونی ممالک تلنگانہ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے مسئلہ پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے بیرونی ممالک میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے سلسلہ میں کی جارہی مساعی کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دلچسپی رکھنے والے اور اہل امیدواروں کی نشاندہی کے کام میں تیزی پیدا کریں جو بیرونی ممالک میں ملازمت کے خواہاں ہیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ نرسنگ امیدواروں کی نشاندہی کریں اور حکومت کے ویب سائیٹ پر انہیں رجسٹر کیا جائے۔ تمام نرسنگ پریکٹشنرس کو ایس ایم ایس کے ذریعہ پیام روانہ کیا جائے۔ کال سنٹرس کے ذریعہ بھی بروقت اطلاع دی جانی چاہئے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ بیرونی ممالک میں روزگار کی فراہمی سے قبل تمام ضروری امور کی تکمیل کی جائے جس میں اسکریننگ ٹسٹ اور دیگر شرائط شامل ہیں۔ انہوں نے آٹو میکانکس ، تعمیری ورکرس ، ڈرائیورس اور دیگر اسی طرح کے پیشوں سے وابستہ افراد کی نشاندہی کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ روزگار کے مواقع کے سلسلہ میں 20 ممالک کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اور دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کے نام درج کرنے کیلئے موبائیل ایپ تیار کیا گیا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری لیبر رانی کمودنی ، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ ، کمشنر ٹیکنیکل ایجوکیشن نوین متل ، کمشنر لیبر احمد ندیم ، اسپیشل سکریٹری انڈسٹریز وشنو وردھن ریڈی ، چیف منسٹر کے او ایس ڈی گنگا دھر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر