راؤ کوچنگ سنٹر واقعہ کی تحقیقات کی کمشنرایم سی ڈی کو ہدایت
نئی دہلی : دہلی کی میئر شیلی اوبرائے نے اتوار کو گراؤنڈ فلور پر چلنے والے تمام کوچنگ سنٹروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ اوبرائے نے یہ حکم اولڈ راجندر نگر میں راؤ آئی اے ایس کوچنگ سنٹر کے زیر زمین فرش میں پانی بھر جانے اور سول سروسز کی تیاری کرنے والے تین طلباء کی موت کے بعد دیا۔ انہوں نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کریں اور اگر کوئی ایم سی ڈی افسر قصوروار پایا جائے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ ایم سی ڈی کمشنر کو لکھے خط میں انہوں نے کہاکہ کل راجندر نگر میں چل رہے ایک پرائیویٹ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں پانی بھر جانے کی وجہ سے کچھ طالب علم پھنس گئے اور ان میں سے تین کی جان چلی گئی۔ یہ بہت ہی چونکا دینے والا واقعہ ہے ۔ اس کی مکمل تحقیقات اور فوری اور سخت کارروائی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ دہلی کے کسی بھی حصے میں اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔ انہوں نے ایم سی ڈی کمشنر کو ہدایت دی کہ دہلی بھر میں ایسے تمام کوچنگ سینٹرز جو ایم سی ڈی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں اور زیر زمین منزل میں تجارتی سرگرمیاں چلا رہے ہیں جو کہ عمارتی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور اصولوں کے مطابق نہیں ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی کریں اور ان کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے ۔ محترمہ اوبرائے نے کہاکہ اس سانحہ کیلئے ایم سی ڈی کے کسی اہلکار کی ذمہ داری کا پتہ لگانے کے لیے فوری تحقیقات ہونی چاہیے ۔ اگر کوئی اہلکار قصوروار پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔