بیمار ربادا کی وطن واپسی

   

موہالی ۔ پنجاب کنگزکے فاسٹ بولرکگیسو ربادا کی وطن واپسی کی خبر ہے۔ ربادا کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ انفیکشن میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے انہیں آئی پی ایل 2024 کو درمیان میں چھوڑ کر وطن واپس لوٹنا پڑا ہے۔ ربادا اب اس سیزن میں پنجاب کنگزکے آخری دو گروپ میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ پنجاب کنگز کی فرنچائز نے بھی رباداکو وطن واپس جانے کی اجازت دے دی ہے جہاں وہ ماہر ڈاکٹر سے علاج کروا سکتے ہیں۔ کگیسو ربادا نے آئی پی ایل 2024 میں پنجاب کنگز کے لیے 11 میچ کھیلے، 8.85 کی اکانومی سے 11 وکٹیں لیں۔ ربادا کے آئی پی ایل 2024 کو درمیان میں چھوڑنے کی وجہ سے پنجاب کنگز کو زیادہ نقصان نہیں ہونے والا ہے کیونکہ یہ ٹیم پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہے لیکن اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے آغاز تک ان کا انفیکشن ٹھیک نہیں ہوا تو جنوبی افریقہ کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ربادا آئی سی سی میگا ایونٹ شروع ہونے تک مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں اورامید ہیکہ وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے ۔