بینکس کو دھوکہ دینے والی شاطر ٹولی گرفتار

   

فرضی شناختی کارڈس سے لاکھوں روپیوں کا قرض حاصل کرنے کا شاخسانہ
حیدرآباد ۔ 8 فبروری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے بینکس کو دھوکہ دینے والی ایک شاطر ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ یہ ٹولی فوت شدہ افراد کے فرضی شناختی کارڈز تیار کرتے ہوئے بینکس سے لاکھوں روپئے قرض حاصل کررہی ہے۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد پولیس مسٹر وی سی سجنار نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 33 سالہ نماگڈہ فنی چودھری، 34 سالہ ایم یروپ ناتھ چودھری، 33 سالہ پی سرینواس راؤ، 25 سالہ کے ہریش، 35 سالہ نارنے وینو گوپال اور 28 سالہ آئی ویرا شنکر راؤ ساکنان ضلع گنٹور کو گرفتار کرلیا۔ گذشتہ ماہ حاصل شدہ ایک شکایت کے بعد سائبرآباد کی سائبر کرائم اور کرائم پولیس نے بڑی مشقت کے بعد اس ٹولی کا پردہ فاش کیا۔ یہ ٹولی فوت شدہ افراد بالخصوص آئی ٹی پروفیشنل کے فرضی آئی ڈی کارڈز تیار کرتے ہوئے بینکس کو دھوکہ دے رہی تھی۔ آن لائن قرض کیلئے درخواست داخل کرنے کے بعد یہ ٹولی فرضی دستاویزات کو ثبوت کے طور پر پیش کرتے تھے چونکہ قرضداروں کی درخواست آئی ٹی پروفیشنل کے طور پر کی جاتی اس وجہ سے بینکس فوری قرض کو منظوری دیتے۔ اس کے ساتھ ہی کریڈٹ کارڈز حاصل کرتے ہوئے یہ ٹولی لاکھوں روپئے کا غبن کررہی تھی۔ گذشتہ دنوں گوداوری میں کشتی غرقاب ہونے سے فوت افراد میں ایک کی تمام تفصیلات حاصل کی گئیں اور اس کے علاوہ اخبارات میں شائع شدہ خبروں اور اشتہارات کو دیکھ کر یہ لوگ فوت ہونے والے کے مکان پر اظہاریگانگت کیلئے پہنچتے تھے اور اس سے تمام تفصیلات حاصل ہونے کے بعد یہ ٹولی اپنی کارروائی انجام دیتی تھی۔ پولیس سائبرآباد نے بتایا کہ اس ٹولی کے متعلق مزید تحقیقات جاری رہے گی۔