بینکوں کیلئے کے وائی سی کی تجدید ،مارچ تک توسیع

   

ممبئی: آر بی آئی نے بینکوں کے پرانے صارفین کی تفصیلات کو وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کرنے کیلئے کے وائی سی رہنما خطوط میں نرمی کو 31 مارچ 2022 تک بڑھا دیا ہے ۔یہ فیصلہ کووڈ کی نئی قسم کی وجہ سے بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے وقت صارفین اور بینک ملازمین کو پریشانیوں سے بچانے کیلئے لیا گیا ہے ۔ آر بی آئی نے 25 فروری 2016 کو بینکوں کیلئے اپنے موجودہ صارفین کے کے وائی سی کو وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کرنے کیلئے ایک جامع ہدایت نامہ جاری کیا تھا۔ اس میں اگر کے وائی سی کی باقاعدہ وقفوں پر تجدید نہیں کی جاتی ہے تو صارف کے اکاؤنٹ کے آپریشن پر پابندی لگانے کا التزام ہے ۔مرکزی بینک نے کورونا کی دوسری لہر کے درمیان 5 مئی کو 31 دسمبر 2021 تک اس میں نرمی کی تھی۔ جمعرات کو آر بی آئی کی طرف سے بینکوں کو جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے ، اومی کرون کی وجہ سے موجودہ غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر 5 مئی کے سرکلر کو 31 مارچ2022 تک بڑھا دیا گیا ہے ۔