بینک کے مسائل حل کرنے کی اسکیم وضع کرنا ضروری ، وزیر فینانس نرملا سیتارامن کا جائزہ اجلاس
نئی دہلی : وزیر فینانس اور کارپوریٹ اُمور نرملا سیتارامن نے کمرشیل بینکوں اور این بی ایف سیز کے اعلیٰ انتظامی کمیٹی کے ارکان کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں بینک قرضہ جات کے مسائل کا جائزہ لیا گیا اور کوویڈ ۔ 19 کیلئے ایک فریم ورک پر عمل کرنے کی ضرورت ظاہر کی۔ وزیر فینانس نے زور دے کر کہاکہ مسائل کی یکسوئی کے لئے بنائی جانے والی اسکیمات کو قرض دہندگان کی جانب سے 15 ستمبر 2020 ء تک سامنے لایا جانا چاہئے۔ اِس تعلق سے میڈیا مہم بھی شروع کی جانی چاہئے تاکہ بینک قرضوں کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کی جائے۔ اُنھوں نے قرض دہندگان کو مشورہ دیا کہ وہ اسکیمات کے فریم ورک پر سوال جواب کو باقاعدہ طریقہ سے اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔ اپنی ویب سائٹس پر ہندی، انگلش اور علاقائی زبانوں میں اِن سوال جواب کو اپ لوڈ کیا جائے اور اپنے متعلقہ آفسوں اور شاخوں میں بھی اِن سوال جواب کو تقسیم کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران سیتارامن نے قرض دہندگان پر زور دیا کہ وہ جب کبھی اِن کے قرض کی ادائیگیوں کی مہلت ختم ہوگی اُنھیں چاہئے کہ فوری بینک کو قرض واپس کریں۔ کوویڈ ۔ 19 سے متعلق مسائل کا قرض دہندگان پر اثر نہیں پڑنا چاہئے۔ وزیر فینانس نے اجلاس میں دو نکات پر توجہ دی، اول یہ کہ قرض دہندگان کو فوری منظورہ پالیسی کے مطابق کام کرنا چاہئے اور جو قرض دینا باقی ہے اِن کی نشاندہی کرتے ہوئے ان تک رسائی حاصل کی جانی چاہئے۔ دوسرا بینکوں کی جانب سے قرض کی وصولی کے لئے جو منصوبے بنائے گئے ہیں اِس پر فوری عمل کیا جانا چاہئے تاکہ تاجرین اپنی تجارت کو بحسن خوبی احیاء کرسکیں۔ اِسی دوران قرض دہندگان نے بھی تیقن دیا کہ وہ اپنی پالیسی کو وضع کرنے کے لئے تیار ہیں۔