بینک لوٹنے والا ملزم سرنگ میں پھنس گیا

   

روم ؍ لندن ۔ اطالوی پولیس نے بینک لوٹنے کے خواہش مند ایک ایسے مشتبہ ملزم کو بروقت مدد کر کے بچا لیا جو ایک سرنگ میں پھنس گیا تھا۔ یہ ملزم اور اس کے ساتھی ایک قریبی بینک کے اندر پہنچنے کے لیے سرنگ کھود رہے تھے جو اچانک بیٹھ گئی تھی۔روم سے جمعہ بارہ اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ اطالوی دارالحکومت کے مغربی حصے میں ویٹی کن سٹی کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ مشتبہ ملزم اور اس کے ساتھی روم شہر کے متعلقہ حصے میں ایک بڑی شاہراہ کے نیچے سرنگ کھود رہے تھے تاکہ ایک قریبی بینک کے اندر تک پہنچ کر اسے لوٹ سکیں۔لیکن اس کھدائی کے دوران اس سرنگ کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور اس گینگ کا کم از کم ایک رکن اس بیٹھی ہوئی سرنگ میں پھنس کر رہ گیا۔