بینک ملازمین کی تین روزہ ہڑتال ملتوی

,

   

نئی دہلی۔ 28 ستمبر( ایجنسیز )ملک بھر میں بینک ملازمین کی جانب سے پیر28؍ستمبر سے شروع ہونے والی تین روزہ ہڑتال کو یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز نے ملتوی کردیا ہے۔ یہ فیصلہ اتوار کی شب انڈین بینکس ایسوسی ایشن کے ساتھ اہم اجلاس کے بعد کیا گیا۔UFBU کے مطابق اجلاس میں پانچ روزہ بینکنگ کے مطالبہ پر غور کیلئے IBA اور UFBU پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا جو تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد اس مسئلہ کا حل تلاش کرے گی۔ یونینوں کے مطابق اس معاملہ میں ان کے تحفظات حکومت کے سامنے بھی پیش کیے جائیں گے۔ 8 مارچ 2024 کے اجلاس کی کارروائی میں درج دیگر زیر التوا مسائل پر بھی بات چیت کرکے انہیں جلد حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔بینک یونینوں کا بنیادی مطالبہ تمام بینکوں میں پانچ روزہ بینکنگ نافذ کرنا ہے۔ مارچ کے اجلاس میں اصولی طور پر تمام ہفتہ کے دنوں کو تعطیل قرار دینے سے اتفاق کیا تھا۔ اس کے عوض پیر تا جمعہ روزانہ تقریباً 40 منٹ اضافی کام کی تجویز دی گئی تھی۔ تجویز کو منظوری کیلئے حکومت کو بھیجا گیا تھا تاہم ابھی تک حتمی منظوری نہیں ملی۔
تین روزہ ہڑتال میں تقریباً 8 لاکھ بینک ملازمین اور افسران کی شرکت متوقع تھی اور ملک بھر کی 1.81 لاکھ سے زائد بینک شاخیں متاثر ہوسکتی تھیں۔ تاہم تازہ معاہدے کے بعد مجوزہ ہڑتال فی الحال ملتوی کردی گئی ہے۔