نئی دہلی: بینکوں اور غیر بینکنگ مالیاتی اداروں میں بزرگ شہریوں کی جمع رقم کا 100 فیصد بیمہ فراہم کئے جانے کا آج لوک سبھا میں مطالبہ کیا گیا۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران عوامی اہمیت کے حامل اس مسئلے کو اٹھاتے ہوئے بی جے پی کے تیجسوی سوریا نے کہا کہ مودی حکومت نے سال 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد بینکنگ سسٹم میں کئی اصلاحات کی ہیں، اسی سلسلے میں سال 2021 میں کھاتوں میں جمع رقم بیمہ کرنے کی اسکیم متعارف کرائی گئی تھی۔ کسی بنک کے دیوالیہ ہونے کے عمل میں ماریٹوریم کے 90 دن کے اندر بیمہ کی رقم کی ادائیگی کی حد طے کرنے سے لوگوں کو بہت راحت ملی ہے ۔ لیکن عام طور پر اس انشورنس کی حد صرف پانچ لاکھ روپے رکھی گئی ہے ۔ اگر ہم اب تک کے ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو تقریباً 78 فیصد لوگوں کو انشورنس کی رقم مل چکی ہے لیکن 22 فیصد نے ابھی تک وصول نہیں کی ہے ۔