بین الاقوامی پروازوں کا ابھی کوئی اعلان نہیں ہوا : سعودی

,

   

ریاض ۔ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن (جی اے سی اے ) نے اکتوبر سے بین الاقوامی فلائٹس کی بحالی کی خبروں کو من گھڑت قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جی اے سی اے کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ افواہوں پرکان نہ دھریں۔ ایسا کو ئی گشتی نامہ جاری نہیں کیاگیا۔گذشتہ ہفتوں سے سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر کی جا رہی ہے کہ سعودی عرب سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی اکتوبر سے ہو گی۔ جی اے سی اے کے عہدیدارکا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کورونا وائرس معاملات کی تعداد سے مشروط ہے جو تین ہندسوں پر آنا چاہئے یعنی معاملات کی تعداد یومیہ چند سو تک محدود ہونے تک مشروط ہے۔جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن نے سوشل میڈیا پرگردش کرنے والے فرضی گشتی نامہ کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے سے پہلے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔جی اے سی اے کے ترجمان ابراہیم بن عبد اللہ الرووسہ نے میڈیا کو بتایا کہ سرکلر مکمل طور پر بے بنیاد اورمن گھڑت ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کی غرض سے سعودی عرب نے 15 مارچ 2020 سے بین الاقوامی پروازیں معطل کردی تھیں۔ جس کے بعد31 مئی سے اندرون ملک پروازویں مکمل ایس او پیز کے ساتھ دوبارہ بحال کی گئی ہیں جب کہ بین الاقوامی پروازوں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے جنرل اتھارٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ایک ٹویٹ شائع کیا جس میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سرکلر کو غلط بتایاگیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پہلے بھی کہا تھا کہ بین الاقوامی پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے کی کوئی خاص تاریخ نہیں دی گئی۔ آئندہ اطلاعات تک تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی تاہم انسانی امداد، ہنگامی صورت حال ، طبی انخلاکی پروازوں اورگھر واپس جانے کے خواہشمند یا کسی وجہ سے رکے ہوئے شہریوں اور غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے لئے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔