بین ریاستی عادی سارقین کی ٹولی گرفتار

   

540 گرام مسروقہ زیورات ضبط، وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 14 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے بین ریاستی ایک عادی سارق کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اُس کے قبضہ سے 540 گرام مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ پولیس کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار نے کہاکہ کاشی ناتھ گائیکواڑ عرف کاشپا جس کا تعلق کرناٹک کے ضلع گلبرگہ سے ہے، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ علاقہ میں رہزنی کی 16 سنگین وارداتیں انجام دی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ کاشپا افضل پور تعلقہ کے کسانوں کی اسوسی ایشن کا صدر ہے اور وہ سیاسی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا کرتا تھا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ کاشپا اکثر حیدرآباد کے اطراف و اکناف علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد مقفل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے قفل شکنی کے ذریعہ سرقے کیا کرتا تھا۔ سرقہ کرنے کے بعد وہ مسروقہ مال فروخت کرتے ہوئے پرتعیش زندگی بسر کرتا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس کی گرفت سے بچنے کے لئے کاشپا موبائیل فون کا استعمال نہیں کرتا تھا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ اور خفیہ اطلاعات کے بعد پولیس نے کاشپا کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کیا ہے۔