ڈی ایس پی ریلوے پولیس سید نعیم الدین جاوید کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) جی آر پی اور آر پی ایف سکندرآباد نے ایک اہم کارروائی میں بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور بڑی سازش کو ناکام بنادیا۔ اوڈیشہ سے مہاراشٹرا منتقل کئے جارہے۔ 10.43کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریلوے سید نعیم الدین جاوید نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 28 سالہ ارون کمار اور 22 سالہ دیپک کمار ساکنان راجہ پور رتناگیری مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ موہت مفرور بتایا گیا ہے۔ سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق اترپردیش سے جو زندگی کے گذر بسر کیلئے مہاراشٹرا منتقل ہوئے اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوگئے۔ ان دونوں کا رابطہ موہت سے ہوا اور وہ اس کے ساتھ غیرقانونی گانجہ منتقلی ریاکٹ میں شامل ہوگئے۔ ان دونوں نے 28 ڈسمبر کو موہت کی ہدایت پر کورابوٹ جنگلاتی علاقہ کا رخ کیا اور 10 کیلو گانجہ کی 20 ہزار روپئے میں خریداری کی جس کے بعد 26 ڈسمبر کو وشاکھاپٹنم کا رخ کیا اور ممبئی جانے والی ٹرین میں سوار ہوگئے۔ 27 ڈسمبر کو ٹرین سکندرآباد اسٹیشن پہنچی اور آر پی ایف اور جی آر پی پولیس نے تلاش کے دوران انہیں گرفتار کرلیا اور گانجہ کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 2 لاکھ 53 ہزار 575 روپئے بتائی گئی ہے۔ ریلوے پولیس نے ان کے قبضہ سے موبائیل فون اور ریلوے ٹکٹ کو بھی ضبط کرلیا۔ع