بین ریاستی گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب

   

پولیس کی ٹوپی کا استعمال، اسپیشل آپریشن ٹیم مہیشورم زون کی کارروائی
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم مہیشورم زون نے بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا جو اڈیشہ سے مہاراشٹرا گانجہ منتقل کررہے تھے۔ پولیس کی کارروائی اور تلاشی سے بچنے کیلئے ان ملزمین نے مہاراشٹرا پولیس کی ٹوپی کا استعمال کیا اور گاڑی میں ٹوپی رکھتے ہوئے اپنے آپ کو پولیس ظاہر کررہے تھے۔ کمشنر پولیس رچہ کنٹہ دیویندر چوہان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 36 ساکلہ سندیپ انیل انڈیکر اور 36 سالہ دیشائی ساکنان مہاراشٹرا کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 200 کیلو گانجہ، ایک کار ، دو موبائیل فون اور مہاراشٹرا پولیس کی ٹوپی کو ضبط کرلیا جن کی جملہ مالیت 70 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ اس گانجہ کو پونے منتقل کیا جارہا تھا۔ پولیس کے مطابق انیل انڈیکر نے گانجہ کی خرید و فروخت کا منصوبہ بنایا اور اس میں اپنے بچپن کے ساتھی وشال کو شامل کرلیا۔ انہوں نے اڈیشہ میں لکشمن سے رابطہ کیا اور گانجہ فراہم کرنے کے اطمینان کے بعد ایک کار خریدی اور کار میں گانجہ منتقل کررہے تھے۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ چیک پوسٹ اور تلاشی مہم سے بچنے کیلئے انہوں نے مہاراشٹرا پولیس کی ٹوپی کو کار میں رکھ لیا اور خود کو پولیس ظاہر کررہے تھے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پتنگی چیک پوسٹ پر انہیں گرفتار کرلیا۔ع