عمر عبداللہ کا سیلاب متاثرین کو فوری معاوضہ دینے کا مطالبہ

   

سرینگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے حکومت سے سیلاب متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے الیکشن مہم روک لی اور سیلاب کا جائزہ ینے کے لئے ہندوارہ پہنچا۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز شمالی کشمیر کے قصبہ ہندوارہ میں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا جہاں وہ سیلاب کا جائزہ لینے کے لئے پہنچے تھے ۔انہوں نے کہا کہ لگاتار بارش سے کئی علاقوں میں سیلاب آیا جس سے لوگوں کو کافی نقصان پہنچا، میں نے آج الیکشن مہم روک لی اور یہاں سیلاب کا جائزہ لینے پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ وہاں وہاں پہنچوں جہاں جہاں سیلاب سے لوگوں کو نقصان ہوا ہے میں لوگوں کو مدد کرنے کی کوشش کروں گا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ اس علاقے کے لئے ایک وسیع فلڈ مینجمنٹ پروگرام تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں لوگوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کیلئے آیا ہوں اور میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر امداد فراہم کیا جائے۔سیلاب کو ناگہانی آفت قرار دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس کو آفت قرار دے یا نہ دے میرا مطالبہ ہیکہ لوگوں کو معاوضہ دیا جائے ۔نائب صدر نے کہا کہ ہم سال 2014 کے سیلاب سے کچھ نہیں سیکھے ہیں موسم بدلتا رہتا ہے دبئی میں بھی بارش سے سیلاب آیا ہے اور ہمیں بھی اس کے بارے میں اپنی سوچ بدلنی چاہئے۔سیاسی نوعت کے سوالوں کا جواب نہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں یہاں الیکشن مہم چلانے نہیں آیا ہوں، میں 2 مئی کو کاغذات نامزدگی جمع کروں گا اور 6 مئی سے انتخابی مہم شروع کروں تو اسی دن سے سیاسی سوالوں کا جواب دوں گا۔انہوں نے کہاکہ میں آج کوئی سیاسی بات نہیں کروں گا۔