بین وزارتی مرکزی ٹیم کا دورہ ‘ کورونا سے نمٹنے اقدامات کی ستائش

,

   

گچی باولی میں 1500 بستروں کے دواخانہ کا بھی دورہ ۔ چیف سکریٹری و دیگر عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال
حیدرآباد 25 اپریل ( پی ٹی آئی ) کورونا وائرس کے پھیلاو کے درمیان ایک بین وزارتی مرکزی ٹیم نے تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس ٹیم کی قیادت اڈیشنل سکریٹری وزارت جل شکتی ارون بروکا نے کی ۔ مرکزی ٹیم نے حکومت کی جانب سے ریاست میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کی ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی ۔ چیف سکریٹری تلنگانہ مسٹر سومیش کمار نے ریاستی حکومت کی جانب سے کووڈ 19 کے پھیلاو کو روکنے کے اقدامات کی تفصیلات سے اس ٹیم کو واقف کروایا ۔ چیف سکریٹری نے ٹیم کو مطلع کیا کہ ریاست کے تمام محکمہ جات ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں اور سبھی نے مل کر کورونا سے نمٹنے کی ایک حکمت عملی تیار کی ہے ۔ قبل ازیں اس ٹیم نے گچی باولی میں ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے 1500 بستروں کے کورونا ہاسپٹل کا دورہ بھی کیا ۔ اس کے علاوہ اکشئے پاترا فاونڈیشن کی جانب سے غذا کی فراہمی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا ۔ واضح رہے کہ گچی باولی میں ایک 14 منزلہ عمارت کو کورونا اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں صرف 20 دن میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کے عہدیداروں نے اس دواخانہ میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور علاج کی تفصیلات سے ٹیم کو واقف کروایا ۔ ٹیم کے ارکان نے آئی سی یو ‘ ایمرجنسی اورڈز ‘ آئیسولیشن وارڈز اور دوسری سہولیات کا بھی دواخانہ میں جائزہ لیا ۔ ٹیم کے ارکان نے حکام سے یہ معلومات بھی حاصل کیں کہ آیا مرکزی وزارت صحت کے رہنما خطوط کے مطابق خصوصی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں یا نہیں اور طبی عملہ اور نیم طبی عملہ کو کورونا سے نمٹنے کے دوران اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کی تربیت دی گئی ہے یا نہیں۔ اکشئے پاترا فاونڈیشن کے دورہ کے موقع پر ٹیم کے ارکان کو مطلع کیا گیا کہ یہاں سے یومیہ ثوپہر اور شام میں دیڑھ لاکھ افراد کو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ مرکزی ٹیم کے ارکان نے غذا کے معیار ‘ صفائی ‘ منتقلی اور تقسیم سے متعلق امور پر سوالات بھی کئے ۔ واضح رہے کہ یہ واضح کرتے ہوئے کہ احمد آباد ‘ سورت ‘ حیدرآباد ‘ چینائی اور تھانے جیسے شہروں میں کورونا کی صورتحال خاص طور پر سنگین ہے مرکزی حکومت نے کل ہی ان شہروں کو بین وزارتی مرکزی ٹیم صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے روانہ کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ ٹیم نے مرکزکے اقدامات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق رہنما خطوط سے بھی ریاستی حکام کو واقف کروایا ۔