بیوی سے غیر فطری تعلقات قائم کرنا جرم نہیں

   

مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا ریمارک‘درخواست خارج
بھوپال : مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے اپنے تازہ فیصلہ میں کہا کہ شوہر کا بیوی کے ساتھ غیرفطری تعلقات قائم کرنا جرم نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیوی نے اپنے شوہر کے خلاف غیر فطری جنسی تعلقات قائم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا تھا تاہم عدالت نے ایف آئی آر کو منسوخ کردیا۔ عدالت نے فیصلہ سنایا کہ یہ عمل قانونی طور پر جرم نہیں ہے کیونکہ خاتون نے اس شخص سے شادی کی ہے۔جسٹس جی ایس اہلووالیا پر مشتمل سنگل بنچ نے کہا کہ قانونی طور پر شادی شدہ بیوی کے ساتھ شوہر کا غیر فطری جنسی تعلق آئی پی سی کی دفعہ 377 کے تحت جرم نہیں ہے۔ عدالت کے حکم نامہ کے مطابق ازدواجی عصمت ریزی کو اب تک تسلیم نہیں کیا گیا۔ اس لیے پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ کو خارج کر دیا گیا۔ شوہر ‘ بیوی کی شکایت پر درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کے لیے عدالت سے رجوع ہوا تھا۔