حیدرآباد /24 فروری ( سیاست نیوز ) ضلع رنگاریڈی کے علاقہ کندکور میں ایک شخص نے بیوی کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی ۔ اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب اس جوڑے کی ان بیاہی لڑکی نے صبح اپنے مکان پہونچکر دیکھا جو اس واردات کے وقت اپنے رشتہ داروں کے مکان گئی تھی ۔ کندکور پولیس کے مطابق 52 سالہ جنگیا نے اس کی بیوی 47 سالہ کرشناوینی کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی ۔ جنگیا پیشہ سے کسان تھا جو کندکور پولیس حدود کے علاقہ چیالہ پلی میں رہتا تھا ۔ اس کی 4 لڑکیاں ہیں جن میں تین کی اس نے شادی کی تھی اور ایک ان بیاہی لڑکی کل رات اپنے رشتہ داروں کے پاس گئی تھی ۔ نشہ کی حالت میں مکان پہونچنے کے بعد جنگیا اور اس کی بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا اور اس جھگڑے کے دوران جنگیا نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے بیوی کا قتل کردیا اور اس کے بعد اس شخص نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کندکور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔