بیوی کے جہیز مقدمہ پر دل برداشتہ شوہر کی خود کشی

   

حیدرآباد ۔ /4 جنوری (سیاست نیوز) ہمایوں نگر کے علاقے وجئے نگر کالونی میں پیش آئے ایک واقعہ میں بیوی کی جانب سے جہیز کی ہراسانی کا مقدمہ درج کرنے اور مائیکے چلے جانے سے دلبرداشتہ ایک شخص نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 37 سالہ درگا پرساد عرف پربھو ساکن وجئے نگر کالونی جو حیدرآباد سنٹرل مال کا منیجر تھا کی شادی 10 سال قبل رانی نامی خاتون سے ہوئی تھی ۔ گزشتہ چند دنوں سے دونوں کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے جس کے نتیجہ میں رانی نے پرساد کے خلاف مزید جہیز کی ہراسانی کا ایک مقدمہ درج کروایا تھا اور وہ اپنے 8 سالہ کمسن بیٹے ونوش کو چھوڑکر چلی گئی تھی ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ بیوی کی اس حرکت سے شوہر دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور کل رات اپنے بیٹے کو کھانا کھلانے کے بعد اس نے پنکھے سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کمسن بیٹے نے اپنے باپ کو پھانسی پر لٹکا ہوا دیکھ کر ر شتہ داروں کو آگاہ کیا۔ پولیس ہمایوں نگر کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر پربھو کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور اس ضمن میں ایک مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔