بیوی کے حملہ میں شوہرزخمی

   

حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) بیوی کو نظر انداز کرتے ہوئے دوسری خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھنا ایک شخص کیلئے مہنگا ثابت ہوا جہاں برہم بیوی نے شوہر پر گرم تیل سے حملہ کردیا۔ کلثوم پورہ علاقہ میں پیش آئے اس واقعہ سے سنسنی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی شخص کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ انسپکٹر پولیس کلثوم پورہ اشوک کمار نے بتایا کہ 50 سالہ گریدھر بیوی اور بچوں کے ساتھ کلثوم پورہ میں رہتا ہے جو کمیلہ میں کام کرتا ہے۔ چند دنوں سے میاں اور بیوی کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ گریدھر بیوی اور بچوں پر توجہ نہیں دیتا تھا اور کئی دنوں تک گھر نہیں آتا تھا۔ گریدھر کی بیوی رینوکا شوہرکے رویہ سے پریشان تھی اور شوہر کی ہراسانی اور اذیت رسانی کو برداشت کرتی تھی لیکن اجنبی خواتین سے ناجائز تعلقات سے تنگ آچکی تھی اور جھگڑے کے بعد اس نے گرم تیل شوہر پر ڈال دیا۔ گریدھر کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پولیس کلثوم پورہ نے بیوی کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع