بیٹرس کی دیوالی کی چھٹی منسوخ ، نیٹ پراکٹس کیلئے طلب

   

ممبئی ۔ پونے کے ٹرننگ ٹریک پر نیوزی لینڈ کے اسپنرز نے ہندوستانی ٹیم کے بیٹرس کے خلاف تباہی مچادی تھی۔ ٹیم انڈیا اسپن بولنگ کے خلاف 20 میں سے 18 وکٹیں گنوائی اور بری طرح مقابلہ ہارگئی تھی۔ یہ میچ ہارنے کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم سیریز بھی ہارگئی اور اب اسے وائٹ واش کا خطرہ ہے۔ ان حالات میں سیریز کے آخری میچ سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور کپتان روہت شرما نے ٹیم کی اس کمزوری کو دورکرنے کے لیے اقدامات کئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ممبئی ٹسٹ سے قبل 35 بولروںکو ہندوستانی بیٹرس کی پریکٹس کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر اسپنر ہیں۔ پونے ٹسٹ میں عبرتناک شکست کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے سخت فیصلہ کرتے ہوئے ہندوستانی کھلاڑیوں کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ ٹیم انتظامیہ نے تمام کھلاڑیوں کے لیے دو دن کی پریکٹس کو لازمی قراردیا ہے جب کہ اس سے قبل ایک دن کی نرمی تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ دیوالی کے دن بھی ہندوستانی بیٹرس نیٹ میں پسینہ بہاتے نظر آئیں گے۔ اس دوران وہ مختلف قسم کے اسپنرز کے خلاف کھیلیں گے اور ان سے بہتر طریقے سے نمٹنے کی تیاری کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے اچانک مہاراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن سے 35 بولروں کی اجازت مانگ لی ہے۔ روہت اورگمبھیر ان 35 بولروں کے خلاف پراکٹس کریں گے اور شکست سے بچنے کی تدابیر تلاش کریں گے تاکہ سیریز میں وائٹ واش سے بچا جا سکے۔ تاہم یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ ان دو دنوں میں یہ کمزوری کس حد تک ختم ہو جائے گی اور کیا ہندوستانی ٹیم کلین سویپ سے بچ پائے گی۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولروں نے بنگلورو میں ہندوستانی ٹیم کو پریشان کردیا تھا، جہاں اسے 46 رنز پر آل آؤٹ کا شرمناک سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد روہت اورگمبھیر نے رینک ٹرنر یعنی ایسی پچ کا چیلنج پیش کیا جو پہلے گھنٹے سے ہی اسپن میں مدد کرتا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ہندوستانی ٹیم خود اپنے ہی جال میں پھنس گئی اور اسے میچ ہارنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق میچ ہارنے کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے ایک بار پھر اسی طرح کی وکٹ مانگ لی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ کوچ گمبھیر نے اس بار بیٹرس کو اسپن کھیلنے کے لیے پہلے ہی تیارکر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم پر اسپنرس پہلے ہی حاوی ہیں۔ ہندوستان کے لیے روی چندرن اشون نے 5 میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کیں۔ جڈیجہ نے یہاں صرف ایک میچ کھیلا ہے جس میں وہ 6 وکٹیں لی لیکن ٹیم انڈیا کے لیے احتیاط کی بات یہ ہے کہ جب ہندوستان اور نیوزی لینڈ آخری بار یہاں آمنے سامنے ہوئے تھے، اس وقت اعجاز پٹیل نے ایک ہی اننگز میں 10 وکٹ لیے تھے۔ وہ بھی موجودہ مہمان ٹیم کا حصہ ہیں۔