نیویارک : امریکہ کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی جنرل موٹرزنے اعلان کیا ہے کہ وہ شیورولے بیٹری بولٹ الیکٹرک گاڑیاں بیٹری میں خرابی کے سبب آتشزدگی کے خدشے کے پیشِ نظر دنیا بھر سے واپس منگوا رہی ہے۔جنرل موٹرز کے اس فیصلے کی وجہ سے دنیا بھر میں فروخت کی جانے والی الیکٹرک گاڑیوں میں استعمال کی جانے والی بیٹریوں سے متعلق سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔رواں ہفتے کو جی ایم کے اس فیصلے سے 2019 سے 2022 ماڈلز کی لگ بھگ 73 ہزار الیکٹرک گاڑیاں واپس منگوائی جائیں گی جب کہ اس سے قبل پرانے ماڈلز کی 69 ہزار گاڑیاں واپس منگوائی گئی تھیں۔ جی ایم کے مطابق بعض اوقات بیٹریوں میں دو مینو فیکچرنگ خرابیوں کی وجہ سے آگ لگ سکتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ تمام گاڑیوں میں بیٹریاں تبدیل کرے گی۔ اس فیصلے سے کمپنی کا لگ بھگ ایک ارب ڈالرز کا خرچہ آئے گا۔اس خرابی کا ملبہ بنیادی طور پر کمپنی کو بیٹریاں فراہم کرنے والی جنوبی کوریا کی ایل جی کیمیکل سلوشنز پر ڈالا جا رہا ہے۔ جب کہ ایل جی کمپنی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے مطابق خرابی ان بیٹریوں میں آئی جو کہ دیگر فیکٹریوں میں تیار کی گئی تھیں۔رپورٹس کے مطابق نئی بولٹ گاڑیوں میں استعمال ہونے والی بیٹریاں امریکی ریاست مشی گن کے علاقے ہالینڈ میں قائم ایل جی پلانٹ میں تیار کی گئیں۔خیال رہے کہ جی ایم کو نومبر میں پانچ بولٹ گاڑیوں میں آگ لگنے کے واقعات کی رپورٹس موصول ہوئی تھیں جس کی وجہ سے ایک شخص دھویں سے متاثر ہوا تھا جب کہ ایک گھر میں آگ لگی تھی۔