بیٹی کی سالگرہ پر میاںی بیوی میں جھگڑا ، بیوی کی خودکشی

   

حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) لڑکی کی سالگرہ تقریب منانے پر میاں بیوی میں جھگڑا بیوی کی موت کا سبب بن گیا ۔ یہ واقعہ ایل بی نگر پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 26 سالہ خاتون رجیتا نے خودکشی کرلی۔ رجیتا ایل بی نگر علاقہ کے ساکن سریکانت کی بیوی تھی۔ سریکانت پیشہ سے سافٹ ویر انجینئر تھا جس کی چار ماہ قبل اس کی نوکری چھوٹ گئی تھی اور وہ پریشان تھا۔ ملازمت کے چلے جانے کے بعد سے وہ بے روزگار ہوگیا تھا۔ 5 سال قبل رجیتا اور سریکانت کی شادی ہوئی تھی اور ان کی دو سالہ لڑکی ہے۔ اس بچی کی سالگرہ کے تعلق سے دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہوا۔ خاتون سالگرہ تقریب کو دھوم دھام سے مناناچاہتی تھی لیکن شوہر اس کے لئے تیار نہیں تھا۔ مالی پریشانی کے سبب اس نے تقریب کو سادہ انداز میں منانے کی خواہش کی تھی۔ لیکن اس کی بیوی نے اس بات کو ماننے سے انکار کردیا تھا اور دلبرداشتہ ہوکر اس خاتون نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔