بیٹی کی پیدائش پر گھر میں جشن، زچہ اورنوزائیدہ کا پھولوں کے ساتھ استقبال

   

Ferty9 Clinic


حیدرآباد: موجودہ ترقی یافتہ دور اور سماج میں بھی بعض مقامات پر لڑکی کی پیدائش پر مایوسی کا اظہار کیا جاتا ہے لیکن تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں ایک خاندان نے لڑکی کی پیدائش پر جشن منایا۔ضلع کے کیسمُدرم علاقہ میں ہاسپٹلسے نوزائیدہ کو گھر لانے کے موقع پر اس کا شاندار استقبال کیاگیا۔گھر کے باہر پھولوں سے راستے کو سجایاگیااور غبارے بھی پھولوں کے سیدھے اور بائیں جانب رکھے گئے ۔اس طرح زچہ اور نوزائیدہ کے گھر میں استقبال کا ویڈیو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگیا۔اس ویڈیو میں دکھایاگیا ہے کہ ایک ماں اپنی نوزائیدہ بچی کے ساتھ گھر میں داخل ہورہی ہے ۔اس کے چہرے پر مسکراہٹ ہے اور اس کا گھر والوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ بعدازاں اس نوزائیدہ کو پھولوں پر سلایا گیاجس میں وہ کھیل رہی ہے ۔لڑکی کی پیدائش پر مسرور اس خاتون کی ساس نے کہا کہ اس کی بڑی بہو کو بیٹی پیداہوئی ہے جو مہالکشمی ہے ۔ اس کی پیدائش پر خوشی ہورہی ہے ۔نوزائیدہ کے باپ نوین نے کہاکہ بچیوں کو بچانے کی ضرورت ہے ۔وہ یہ سمجھ نہیں پارہا ہے کہ لوگ بیٹیوں سے کیوں دور رہتے ہیں؟ان کے گھر مہالکشمی آئی ہے جس پر انہیں کافی خوشی ہورہی ہے ۔