بیٹے کی نعش منتقل کرنے کے دوران حادثہ میں باپ کی موت

,

   

ٹپر نے ایمبولنس کو ٹکر دے دی۔ ایک ہی گھر میں دو اموات۔ گاؤں میں غم کا ماحول
حیدرآباد۔ کورونا سے فوت بیٹے کی نعش کو منتقل کرنے کے دوران حادثہ میں باپ کی موت ہوگئی۔ ایک ہی گھر میں دو اموات سے ارکان خاندان اور گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ تفصیلات کے بموجب نظام آباد کے موضع مرتاڈ کا 30 سالہ نوجون 10 مئی کو کورونا سے متاثر ہوگیا گھر والوں نے اس نوجوان کو ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کرایا جہاں علاج کے دوران نوجوان فوت ہوگیا ۔ ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے اس کی اطلاع نوجوان کے ارکان خاندان کو دی گئی۔ جس پر نوجوان کا باپ 60 سالہ بابنا اپنی بہو کے ساتھ نعش لینے پہنچا اور نعش کو ایمبولنس کے ذریعہ مرتاڈ منتقل کیا جارہا تھا کہ جکران پلی منڈل کے پاس ارگل کے قریب ایک تیز رفتار ٹپر گاڑی نے ایمبولنس کو ٹکر دے دی۔ اس بھیانک حادثہ میں بابنا موقع حادثہ پر ہلاک ہوگیا اور اس کی بہو اور ایمبولنس کاڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری وہاں پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہاسپٹل پہنچایا اور دونوں نعشوں کو مرتاڈ منتقل کیا۔ ایک ہی گھر میں دو اموات پر گاؤں میں غم اور مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔