بیگم بازار کی رونقیں بحال۔ رضاکارانہ طور پر بند کرنے کے بعد آج سے دوبارہ دکانات کھول دئے گئے۔

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): کورونا وائرس کے کیسس میں بے تحاشہ اضافہ کے سبب شہر کا مصروف ترین علاقہ بیگم بازار کو 8 دن کیلئے بند کردیا گیا تھا۔ آج سے دوبارہ بیگم بازار میں تجارتیں سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بازار کی گہماگہمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے بموجب بیگم بازار کی دکانات صبح 10 بجے تا 5 بجے شام تک کھلے رہیں گے۔ کرانہ مرچنٹس اسوسی ایشن کے صدر لکشمی نارائن راتھی اور جنرل مرچنٹس اسوسی ایشن کے صدر سرورام ویاس نے بتایا کہ بازار کھولنے کے سلسلہ میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں ہم نے کوویڈ۔19 کے بڑھتے واقعات پر بات چیت کی۔ بازار بند ہونے کی وجہ سے عوام کو دشواری پیش آرہی تھیں۔

اس لئے ہم نے دوبارہ بازار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا کہ پچھلے 8دنوں سے تقریبا 1500 دکانات بند تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کوویڈ۔19 کے کیسس میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ہم زیادہ دنوں تک دکانات بند نہیں کرسکتے۔ انہوں کہا کہ ہم خرید و فروخت کے وقت احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے۔ انہوں نے گاہکوں سے اپیل کی کہ وہ اشیاء کی خریداری کے وقت لاک ڈاؤن کے شرائط کی پابندی کریں اور ماسک، سینی ٹائزر، سماجی فاصلہ کو یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ 27 جون سے رضا کارانہ طور پر بیگم بازار کے علاوہ دیگر مقامات پر تاجرین نے دکانات بند کردئے تھے، تاکہ وباء پر قابو پا جاسکے۔