حیدرآباد ۔ 12فبروری ( سیاست نیوز) شہر کے علاقہ بیگم پیٹ میں ہوٹل میں کھانا کھانے کے بعد دو سال کا کمسن بچہ فوت ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق بنگلور سے تعلق رکھنے والا سافٹ ویر ملازم روی نارائنا اور اس کی بیوی سری ودیا اپنے دو بچوں 8سالہ ورن اور 7ویہان کے ساتھ بیگم پیٹ میں واقع امریکی قونصل خانہ انٹرویو کیلئے آئے ہوئے تھے ۔ اس جوڑے نے بیگم پیٹ کی ایک ہوٹل میں کمرہ کرایہ پر حاصل کیا تھا اور ہوٹل میں کڑائی پنیر اور روٹی کھائی تھی ۔ ہوٹل میں کھانا کھانے کے بعد روی نارائنا کی طبعیت بگڑ گئی اور بعد ازاں 7سالہ ویہان بھی متاثر ہوگیا اور اسے دست و قئے آنے لگے ۔ کمسن بچے کی طبعیت مزید بگڑ گئی اور وہ آج فوت ہوگیا ۔ بچے کے والد روی نارائنا نے بیگم پیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ ہوٹل کی سمیت غذا کھانے کے نتیجہ میں ان کا بچہ فوت ہوا ہے ۔ انسپکٹر بیگم پیٹ پی سرینواس راؤ نے بتایا کہ بچے کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی اور ہوٹل کے کھانے کو ضبط کرتے ہوئے اسے معائنہ کیلئے متعلقہ محکمہ کو روانہ کیا گیا ہے ۔ فارنسک لیباریٹری سے بھی رائے حاصل کی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔