بیگم پیٹ کی مصروف راہداری پر رکاوٹوں کو منہدم کردیا گیا

   

حیڈرا کی کارروائی ۔ نالہ پر قبضہ جات سے مسائل پیدا ہو رہے تھے
حیدرآباد۔6۔جون۔(سیاست نیوز) رسول پورہ بیگم پیٹ کی مصروف ترین راہداری کے درمیان حائل قدیم رکاوٹوں کو آج ’حیدرا‘ نے برخواست کردیا ۔ ’حیدرا‘ کی کارروائی سے اس مصروف سڑک کا استعمال کرنے والوں کو تکالیف اب نہیں رہیں گی کیونکہ ’حیدرا‘ نے نہ صرف نالوں پر تعمیرات کو برخواست کیا بلکہ سڑک کی توسیع میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کردیا۔ پیٹنی سنٹر نالہ پر قبضہ جات سے مشکلات اور مانسون کی بارش سے نالہ ابل پڑنے کی شکایات اس علاقہ کے لئے عام بات بن چکی تھی ۔ کل کمشنر ’حیدرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ نے دورہ کرکے عوامی شکایات کی سماعت کی اور انہیں حل کرنے کا تیقن دیا تھا۔ مقامی عوام نے بتایا کہ پیٹنی نالہ جو کہ 70 فیٹ کا تھا قبضہ جات کے بعد 15تا18 فیٹ کا باقی رہ گیا ہے۔ ’حیدرا‘ نے آج کارروائی کے دوران پائیگاہ کالونی ‘ پیٹنی کالونی ‘ ومان نگر ‘ بی ایچ ای ایل کالونی ‘ اندراماں نگر و دیگر علاقوں کے عوام نے نالہ پر کئے جانے والے قبضہ جات کے سبب مشکلات سے واقف کروایاتھا اور شکایت کی تھی کہ نالہ کے ابل پڑنے سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ رنگا ناتھ نے بتایا کہ لینڈ گرابرس اور نالوں پر قبضہ کرنے والے گروہ نے اس انتہائی اہم نالہ پر کئی فیٹ تک قبضہ کرلیا تھا جس سے حیدرآباد پبلک اسکول سے رسول پورہ ‘ بیگم پیٹ جانے والی سڑک بارش کے دوران تالاب کی شکل اختیار کرتی تھی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس کارروائی کے بعد علاقہ میں پانی جمع ہونے کی شکایات باقی نہیں رہیں گی بلکہ اطراف کے مکینوں اور تجارتی اداروں کو بھی کافی راحت حاصل ہوگی۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد اور حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ نالہ پر قبضہ جات کی برخواستگی کے بعد اب توسیع کی ضرورت باقی نہیں رہی کیونکہ قبضہ جات کی برخواستگی کے بعد اب پانی کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی اور نہ اس مصروف ترین سڑک پر پانی جمع ہوگا۔3