بی آر ایس اور دیگر اپوزیشن کا پارلیمنٹ سے واک آؤٹ

   

مجسمہ گاندھی کے پاس احتجاج، کانگریس، ڈی ایم کے اور ترنمول ارکان کی شرکت
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بی آر ایس نے دیگر اپوزیشن ارکان کے ساتھ اڈانی اداروں کی بے قاعدگیوں کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ بی آر ایس، کانگریس، ڈی ایم کے، ترنمول کانگریس، ایم ڈی ایم کے اور دیگر اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا اور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی مانگ کی۔ پارلیمنٹ کے احاطہ میں مجسمہ گاندھی کے روبرو آج تیسرے دن بھی احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی ارکان نے مودی اور اڈانی کی ملی بھگت کا الزام عائد کرتے ہوئے جے پی سی کی تشکیل کی مانگ کی۔ اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کو قبول کئے جانے تک دونوں ایوانوں میں احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر کے کیشو راؤ، بی روی چندر، ناما ناگیشور راؤ، سنتوش کمار، دامودر راؤ، پی راملو، کے آر سریش ریڈی، بی بی پاٹل، کے پربھاکر ریڈی، رنجیت ریڈی، لنگیا یادو، ای دیاکر، جئے رام رمیش، وائی گوپال سوامی اور دوسروں نے احتجاج میں حصہ لیا۔ اپوزیشن قائدین نے تحقیقاتی ایجنسیوں کے بیجا استعمال کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ر