کانگریس قائدین کیلئے آئندہ چند ماہ انتہائی اہمیت کے حامل، اے ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔ 8اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے آئندہ 8 ماہ کو کافی اہمیت کے حامل قرار دیتے ہوئے پارٹی کے قائدین کو آرام کئے بغیر دن رات عوام کے درمیان رہتے ہوئے کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل کرنے کیلئے انتھک جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ کانگریس امور مانک راؤ ٹھاکرے نے پارٹی کے چند جنرل سکریٹریز اور نائب صدور کا گاندھی بھون میں اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس میں ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ کے علاوہ اے آئی سی سی انچارج سکریٹری ندیم جاوید کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دورخ ہیں۔ دونوں جماعتوں کی حکومتیں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں، جس سے ریاست ملک کے عوام دونوں ہی حکومتوں سے مایوس ہوگئے ہیں اور سارے ملک میں عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی دونوں پارٹیوں کا متبادل بن کر ابھر رہی ہیں۔ بی آر ایس کی حکومت تلنگانہ میں صرف 8 ماہ کی مہمان ہے۔ کانگریس کے قائدین عوام کے درمیان رہے۔ ان کے مسائل پر جدوجہد کریں اور ان کی یکسوئی کیلئے مساعی کریں۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور عوام سے جو بھی وعدے کئے جائیں گے انہیں پورا کیا جائے گا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹریز اور نائب صدور کو پارٹی میں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ انہیں بخوبی نبھائے اور کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل کرنے میں اہم رول ادا کریں۔ حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں وعدوں سے انحراف کے خلاف جدوجہد کریں اور بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے کمربستہ ہوجائے۔ن