بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کو مشروط ضمانت منظور

   

کے ٹی آر ، ہریش راؤ کے علاوہ بی آر ایس کے دوسرے قائدین گھروں پر نظربند

حیدرآباد : /14 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کو ضمانت منظور ہوئی ۔ احتیاطی طو رپر بی آر ایس کے قائدین کے ٹی آر اورہریش راؤ کے علاوہ دوسرے قائدین کو پولیس نے گھروں پر نظربند کردیا تھا ۔ اتوار کو کریمنگر کلکٹریٹ میں وزراء کے جائزہ اجلاس میں کوشک ریڈی اور جگتیال کے رکن اسمبلی سنجے کے درمیان شدید بحث و تکرار ہوگئی جس سے اجلاس میں خلل پڑگیا تھا ۔ جس کے پیش نظر رکن اسمبلی سنجے اور عہدیداروں کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین نے کریمنگر ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں تین مقدمات درج کئے جس پر کریم نگر کی پولیس نے پیر کی شام کو حیدرآباد پہنچکر کوشک ریڈی کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں کریمنگر منتقل کیا ۔ ان کا میڈیکل ٹسٹ کرانے کے بعد سیکنڈ ایڈیشنل جونیر سیول جج پر ہمالتا کے سامنے منگل کی صبح پیش کیا گیا ۔ پولیس اور کوشک ریڈی کے وکلاء کی دلائل سننے کے بعد جج نے انہیں تین مقدمات میں مشروط ضمانت منظور کی اور جمعرات تک 2 لاکھ روپئے کے ضمانتی مچلکہ جمع کرانے کا حکم دیا ۔ پولیس کی جانب سے جب بھی طلب کیا جائے پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے اور آئندہ سے اس طرح کے ریمارکس نہ کرنے کی کوشک ریڈی کو ہدایت دی گئی ۔ ضمانت ملنے کے بعد کوشک ریڈی نے حیدرآباد روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقدمات اور گرفتاریوں سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہیں اور نہ ہی خوفزدہ ہوکر پارٹی تبدیل کریں گے ۔ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے مسلسل جدوجہد کرتے رہیں گے ۔ کوشک ریڈی نے کہا کہ آج سنکرانتی تہوار ہے اس لئے وہ کوئی سیاسی بات نہیں کریں گے ۔ چہارشنبہ کو حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے ضرور خطاب کریں گے ۔ عدالت کی ہدایت کی وجہ سے وہ کریم نگر میں کوئی بات نہیں کررہے ہیں ۔ کوشک ریڈی کو پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے کے ٹی آر اورہریش راؤ کے قیام گاہوں ، گچی باؤلی اور کوکہ پیٹ کا محاصرہ کرلیا ۔ انہیں گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی ۔ 2