آج 10 بجے دن راجندر نگر پولیس میں پوچھ تاچھ کیلئے حاضر رہنے کی ہدایت
حیدرآباد۔6۔جون۔(سیاست نیوز) بھارت راشٹرسمیتی سوشل میڈیا چیف ایم کرشانک کو راجندر نگر پولیس نے نوٹس جاری کرکے تحقیقات اور پوچھ تاچھ کیلئے 7 جون کوصبح 10 بجے راجندر نگر پولیس میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ایم کرشانک نے راجندر نگر پولیس کی نوٹس سے متعلق X کھاتہ پر کہا کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ان کے خلاف یہ 23واں مقدمہ ہے۔ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی معاملہ میں حکومت کی کارروائیوں کے دوران بی آر ایس سوشل میڈیا چیف ایم کرشانک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا علاوہ ازیں اس سے قبل بھی ان کے خلاف کئی مقدمات درج کئے جاچکے ہیں لیکن اس مرتبہ مقابلہ حسن میں شرکت کیلئے آئی اور اچانک مقابلہ سے دستبردار ملکہ حسن مس انگلینڈ میلا میگی کے ساتھ بدسلوکی کے پوسٹ پر راجندر نگر پولیس نے یہ نوٹس جاری کی ہے۔ صدر ٹمریز جناب محمد فہیم قریشی کی شکایت پر راجندر نگر پولیس میں درج مقدمہ میں دو افراد سے پوچھ تاچھ کی جاچکی ہے اور اب ایم کرشانک کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔ ایم کرشانک نے Xکھاتہ پر کی گئی پوسٹ کے متعلق کہا کہ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہیں بھی جناب محمد فہیم قریشی کا نام نہیں لکھا اور محض ملکہ حسن انگلینڈ کے ساتھ بدسلوکی پر حکومت سے سوال کیا لیکن پولیس نے ان پر فہیم قریشی کی شکایت پر مقدمہ درج کیا ۔ جناب محمد فہیم قریشی نے راجندر نگر پولیس میں جو شکایت درج کروائی تھی اس پر پولیس نے ایف آئی آر نمبر 599/2025 درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ایم کرشانک نے بتایا کہ انہوں نے مقابلہ حسن میں شریک حسیناؤں کے متعلق ایک خبر کا تراشہ اپنے سوشل میڈیا کھاتہ پر پوسٹ کرکے حکومت سے سوال کیا تھا۔3