تلنگانہ حکومت کی اسکیمات سے سرحدی اضلاع کی عوام خوش، محترمہ عائشہ شکیل
حیدرآباد۔16اپریل(سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی نے تلنگانہ کے مسلمانوں کے بعد اب ناندیڑ کے مسلمانوں میں بھی رمضان گفٹس کی تقسیم کا آغاز کیا ہے ۔ محمد شکیل عامر و عائشہ ویلفیر ٹرسٹ کے ذریعہ بھارت راشٹر سمیتی نے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں بھارت راشٹر سمیتی کے زیر اہتمام 5000 خاندانوں میں رمضان گفٹس کی تقسیم کو یقینی بنایا گیا۔ ناندیڑ میں محترمہ عائشہ شکیل کی نگرانی میں رمضان گفٹس کی تقسیم سے قبل دعوت افطار طعام کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی ۔ رمضان گفٹس کی تقسیم کے دوران محترمہ عائشہ شکیل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریاست مہاراشٹرا کے عوام تلنگانہ میں جاری فلاحی سرگرمیوں اور اسکیمات سے بے حد متاثر ہیں اور وہ تلنگانہ میں اپنے انضمام کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات سے سرحدی اضلاع کے شہری کافی متاثر ہیں اور اب جبکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی علاقائی جماعت سے قومی سیاسی جماعت بھارت راشٹر سمیتی میں تبدیل ہونے جا رہی ہے تو مہاراشٹر کے عوام کی توقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے اسی لئے ان علاقوں کی غربت کو دور کرنے اور ان کے درمیان پہنچ کر ان کے ساتھ دعوت افطار و طعام کے ساتھ ساتھ انہیں ماہ رمضان المبارک کے تحفہ تحائف پیش کرنے کے لئے بی آر ایس قائدین کے ہمراہ وہ ناندیڑ پہنچی ہیں۔م