کرناٹک انتخابی نتائج کے بعد ریاست میں انتخابی تیاریاں اہم ایجنڈہ
حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کل 17 مئی کو پارٹی کے عوامی نمائندوں اور سینئر قائدین کا اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ تلنگانہ بھون میں بی آر ایس پارلیمانی پارٹی اور لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس 2 بجے دن طلب کیا گیا جس میں ارکان پارلیمنٹ، اسمبلی و کونسل کے علاوہ ریاستی عاملہ کے عہدیدار اور ریاستی سطح کے کارپوریشنوں کے صدورنشین شرکت کریں گے۔ کے سی آر کی جانب سے اچانک اجلاس کی طلبی کو کرناٹک اسمبلی چناؤ کے نتائج کے پس منظر میں دیکھا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق اجلاس کا اہم ایجنڈہ اسمبلی چناؤ کی تیاری رہے گا۔ کرناٹک میں کانگریس کی شاندار کامیابی نے بی آر ایس کیلئے خطرات میں اضافہ کردیا ہے۔ مختلف سروے رپورٹس کی بنیاد پر چیف منسٹر اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ اگر عوامی نمائندے اپنی کارکردگی بہتر نہیں بنائیں گے تو پارٹی کی کامیابی مشکل رہے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف منسٹر تازہ ترین سروے رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے عوامی نمائندوں کو ہدایات جاری کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کی کارکردگی کے بارے میں انفرادی سطح کی رپورٹ حاصل کی ہے۔ر