پالمور رنگاریڈی پر گمراہ کن بیانات، کمیشن کے لیے پراجکٹس کی تعمیر
حیدرآباد 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس قائدین پالمور رنگاریڈی اور دیگر پراجکٹس کے بارے میں گمراہ کن بیانات سے عوام کو اُلجھن میں مبتلا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سکریٹریٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس حکومت نے پالمور رنگاریڈی پراجکٹ پر 27 ہزار کروڑ خرچ کئے لیکن ایک ایکر اراضی بھی سیراب نہیں کی جاسکی۔ کانگریس حکومت نے 2 برسوں میں پراجکٹ کے لئے 7 ہزار کروڑ خرچ کئے ہیں۔ اُنھوں نے کے سی آر کے الزام کو گمراہ کن قرار دیا کہ پراجکٹ کے لئے کئی اداروں کی منظوری ابھی باقی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت نے تلنگانہ کو 45 ٹی ایم سی پانی کے حصول کا معاہدہ کرتے ہوئے ریاست کے ناانصافی کی ہے۔ کے سی آر اور ہریش راؤ آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں حکومت پر تنقید کے بجائے اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں مباحث کا سامنا کریں۔ گزشتہ 10 برسوں میں ہر محاذ پر کے سی آر حکومت ناکام رہی اور آبپاشی شعبہ میں کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا گیا۔ 10 سالہ دور حکومت میں آبپاشی شعبہ میں 1.83 لاکھ کروڑ خرچ کئے گئے لیکن ایک ایکر اراضی بھی سیراب نہیں کی جاسکی۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش کے پراجکٹس کی تعمیر کی اجازت دینے میں کے سی آر کا اہم رول ہے۔ کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل کرنے کے لئے کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس قائدین دراصل اسمبلی میں مباحث کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں کیوں کہ اُنھیں یقین ہے کہ حکومت اُن کے دور حکومت میں کی گئی بے قاعدگیوں کو برسر عام کردے گی۔1
