ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ بی آر ایس میں شمولیت کے خواہاں، تلنگانہ کے کئی عہدیداروںکو عملی سیاست سے دلچسپی
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) قومی سیاست میں حصہ لینے کے سی آر کے فیصلہ کے بعد تلنگانہ کے بعض اعلیٰ عہدیدار عملی سیاست میں دلچسپی دکھارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مختلف ریاستوں میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کو توسیع دینے کیلئے ریٹائرڈ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو پارٹی میں شامل کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ ریٹائرڈ عہدیداروں سے ربط قائم کرنے کیلئے پارٹی قائدین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ دوسری طرف تلنگانہ کے ڈائرکٹر پبلک ہیلت جی سرینواس راؤ کی بی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات پارٹی حلقوں میں تیزی سے گشت کررہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر کے قریبی سمجھے جانے والے سرینواس راؤ نے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی میں شمولیت کی اجازت طلب کی تاہم چیف منسٹر نے انہیں مناسب وقت تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق سرینواس راؤ کھمم جلسہ عام میں بی آر ایس میں شمولیت کے خواہاں تھے لیکن بعض تکنیکی وجوہات کے سبب یہ ممکن نہیں ہے۔ کسی بھی سیاسی پارٹی میں شمولیت سے قبل سرویس میں موجود عہدیداروں کو رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرنی پڑتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کی منظوری کے بعد سرینواس راؤ آئی اے ایس خدمات سے رضاکارانہ سبکدوشی کی کارروائی شروع کریں گے۔ تلنگانہ میں یہ پہلا موقع نہیں جب عہدیداروں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ سدی پیٹ کے کلکٹر پی وینکٹ رامی ریڈی نے نومبر 2021 میں عہدہ سے استعفی دے کر بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ وظیفہ پر سبکدوشی سے چار ماہ قبل انہوں نے سرویس کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کے علاوہ سینئر آئی پی ایس عہدیدار آر ایس پروین کمار نے سرویس سے استعفی دے کر بی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ حال ہی میں سابق آئی اے ایس عہدیدار ٹی چندر شیکھر نے جن کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ جنا سینا سے استعفی دینے کے بعد وہ بی آر ایس میں شامل ہوئے اور کے سی آر نے انہیں آندھرا پردیش یونٹ کا صدر مقرر کیا ہے۔ سابق آئی آر ایس عہدیدار سی ایچ پارتھا سارتھی بھی بی آر ایس میں شامل ہوئے جبکہ ایک سابق آئی پی ایس عہدیدار جی کرشنا پرساد کے بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کے بعد سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ر